ہفتہ 21 نومبر 2026 - 10:12
مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے آیت الله شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر تعزیتی ریفرنس و قرآن خوانی

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے آیت الله شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر تعزیتی ریفرنس و قرآن خوانی

آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی و دینی خدمات کو عوام تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے؛ علمائے ممبئی

حوزہ/ مسجد ایرانیان، ممبئی میں عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید، فقیہِ اہلِ بیتؑ اور حوزۂ علمیہ قم کے ممتاز استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے ارتحالِ جانکاہ پر مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے ایک تعزیتی جلسے کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ممبئی کے علمائے کرام، خطباء اور مبلغین نے شرکت کرکے اس عظیم فقیہ کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد ایرانیان، ممبئی میں عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید، فقیہِ اہلِ بیتؑ اور حوزۂ علمیہ قم کے ممتاز استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے ارتحالِ جانکاہ پر مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے ایک تعزیتی جلسے کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ممبئی کے علمائے کرام، خطباء اور مبلغین نے شرکت کرکے اس عظیم فقیہ کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تعزیتی ریفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا حسن حمزہ صاحب نے حاصل کی۔

بعد ازاں مولانا سید محمد حیدر اصفہانی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنے ابتدائی کلمات میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کے ارتحالِ پُرملال پر تعزیت و تسلیت پیش کی۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے آیت الله شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر تعزیتی ریفرنس و قرآن خوانی

انہوں نے مرحوم کی گراں قدر علمی، فقہی اور دینی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی شخصیت عالمِ تشیع میں محتاجِ تعارف نہیں۔ اہلِ علم و نظر آپ کو آپ کی بے مثال علمی و فقہی صلاحیتوں کے حوالے سے جانتے ہیں، جب کہ عوام آپ کو ایک ایسے مرجعِ تقلید کی حیثیت سے پہچانتی ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی مذہبِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی خدمت اور ترویج کے لیے وقف کر دی تھی۔ آپ شعائرِ الٰہی کی تعظیم میں ہمیشہ عملی طور پر پیش پیش رہے۔ بالخصوص ایامِ عزائے فاطمیہ کی ترویج اور اس پیغام کو دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچانے میں آپ کا کردار نہایت نمایاں اور کلیدی رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضعفِ پیری اور ضعیف العمری کے باوجود حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یومِ شہادت پر آپ اپنے دفتر سے حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا تک پیدل تشریف لے جاتے اور عزاداری کے جلوس میں شریک ہوتے تھے۔ یہ عمل آپ کی سیدۂ کونین سلام اللہ علیہا سے بے پناہ عقیدت اور محبت کا روشن مظہر تھا۔

ناظمِ جلسہ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور بلندیِ درجات کے لیے ان کی ایک تقریر کا اقتباس بھی پیش کیا، جس میں اس فقیہِ عالی مقام نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت بیان کرتے ہوئے ایک اہم حدیث نقل فرمائی تھی۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے آیت الله شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر تعزیتی ریفرنس و قرآن خوانی

اس کے بعد کرلا کے امامِ جمعہ مولانا سید غلام عسکری صاحب قبلہ نے اس عظیم مجتہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی مذہبِ تشیع کے لیے خدمات ایک عظیم سرمایہ اور امتِ مسلمہ پر ان کا بڑا احسان ہیں۔ لہٰذا ہمیں صرف تعزیتی جلسوں اور تحریری خراجِ عقیدت تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ان کی علمی و دینی خدمات کو عوام الناس تک پہنچانے کی سنجیدہ کوشش کرنی چاہیے۔ اس اقدام سے نہ صرف مرجعیت کا وقار بلند ہوگا، بلکہ عوام کے اندر مرجعیت اور مراجعِ عظام کے مقام و مرتبے کے احترام میں بھی اضافہ ہوگا۔

ممبئی کے معروف خطیب اور عالمِ دین مولانا سید عزیز حیدر صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، آج ہر شخص اس مرجعِ عظیم کی قربانیوں اور خدمات سے واقف ہے۔ مختلف فکری رجحانات سے تعلق رکھنے والے افراد بھی آپ کی علمی و دینی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، جو آپ کی جامع شخصیت اور بلند مقام کا واضح ثبوت ہے۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے آیت الله شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر تعزیتی ریفرنس و قرآن خوانی

اس موقع پر ممبئی کی معروف و مرکزی خوجہ جامع مسجد، ڈونگری کے امامِ جماعت مولانا سید روح ظفر صاحب نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی علمی و فقہی خدمات کو یاد کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں قم المقدسہ میں مرحوم کے دروس میں شرکت کا شرف حاصل رہا ہے اور آپ کے دروسِ فقہ و اصول سے بہت استفادہ کیا ہے۔ آپ کی فقہی روش اور اصولی تحقیقات میں آپ کے استادِ محترم آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم موسوی خوئی علیہ الرحمہ کے علمی منہج اور نظریات کی جھلک نمایاں تھی، جنہیں آپ نے اپنے علمی انداز میں آگے بڑھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علمی و فقہی میدان کے ساتھ ساتھ سیاسی و اجتماعی محاذ پر بھی مرحوم انقلابِ اسلامی کے حامی اور امام خمینی رضوان اللہ علیہ اور امام خامنہ ای کے پشتیبان رہے۔

استاد الاساتذہ اور معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا حسین مہدی حسینی صاحب نے بھی اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں شیخ مفید کی رحلت کے بعد ان کی قبر پر تحریر کیے گئے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے منسوب اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا: لا صَوْتَ النَّاعِيَ بِفَقْدِكَ إِنَّمَا يَوْمٌ عَلَى آلِ الرَّسُولِ عَظِيمٌ ترجمہ: تمہاری وفات کی خبر دینے والے کی آواز بلند نہ ہو، کیونکہ یہ دن آلِ رسول علیہم السلام کے لیے ایک عظیم مصیبت کا دن ہے۔

مجتمع علماء و خطباء ممبئی کی جانب سے آیت الله شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر تعزیتی ریفرنس و قرآن خوانی

انہوں نے اس واقعے کی روشنی میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کے ارتحال کو بھی ایک عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا اور کہا کہ مرحوم کو آلِ رسول علیہم السلام، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے والہانہ عقیدت و محبت تھی۔ آپ اپنے دروس میں قرآن مجید اور اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستگی پر خصوصی تاکید فرماتے تھے۔ اسی سلسلے میں آپ نے اپنے ایک درس میں فرمایا تھا کہ روزانہ کم از کم قرآن مجید کا ایک پارہ تلاوت کرکے اس کا ثواب اپنے زمانے کے امام عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کو ہدیہ کیا جائے۔ اس عمل کے دنیوی اور اخروی آثار و برکات نہایت عظیم ہیں۔

آخر میں مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے صدر مولانا سید فیاض باقر صاحب نے تمام شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی علمی و دینی خدمات، آثار اور افکار کی ترویج و اشاعت کے لیے نمازِ جمعہ، مجالسِ عزا اور دیگر دینی اجتماعات میں ان کا تذکرہ کیا جائے، تاکہ عوام الناس کے درمیان ایسے عظیم مرجعِ تقلید کی معرفت و شناخت کو فروغ حاصل ہو۔

جلسے کے اختتام پر مرحوم کی بلندیِ درجات اور بارگاہِ الٰہی میں ان کے لیے رحمت و مغفرت کی دعا کے ساتھ سورۂ فاتحہ کی تلاوت کی گئی۔

اس موقع پر اس عظیم فقیہ کے ارتحالِ جانکاہ پر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای (دام ظلہ العالی)، جو مرحوم کے شاگردوں میں بھی شامل ہیں، نیز علمائے کرام، مراجعِ عظام اور تمام مؤمنین و محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha